صدر مجلس بیرسٹر اسد اویسی کی
سنگاریڈی کورٹ میں حاضری
سنگاریڈی۔ 20۔ جنوری (اعتماد نیوز) فرسٹ کلاس کورٹ میں اکسائز اینڈ پروہبیشن مجسٹریٹ شریمتی ماروتی دیوی کے اجلاس پر آج بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین‘ ضلع میدک کی متنگی جامع مسجد شہادت کے خلاف احتجاج پر درج کیس کے سلسلہ میں حاضر ہوئے جہاں فاضل مجسٹریٹ نے آئندہ سماعت 17 اپریل کو مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ 2005 ء میں میدک ضلع انتظامیہ کی طرف سے قومی شاہراہ کی توسیع کے بہانے جامع مسجد متنگی کی شہادت کے خلاف مجلسی قائدین بشمول بیرسٹر اسد اویسی‘ جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی اور مجلس کے دوسرے ارکان اسمبلی نے متنگی پہنچ کر سخت احتجاج کیا تھا اور اس مسجد کو مکمل شہید ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ‘ ضلع کلکٹر کے ساتھ بحث و تکرار اور
بدسلوکی کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر مجلس اور دوسرے 5 ارکان اسمبلی کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے تھے۔ اسی کیس کی پیشی کے سلسلہ میں صدر مجلس بیرسٹر اسد اویسی آج عدالت میں حاضر ہوئے جبکہ دوسرے مجلسی ارکان اسمبلی بشمول جناب اکبر اویسی‘ اسمبلی کے جاریہ سیشن میں شرکت کی وجہ سے حاضر عدالت نہ ہوسکے۔ صدر مجلس کی سنگاریڈی میں آمد کی اطلاع پر اطراف و اکناف کے علاقوں کے محبان مجلس کی کثیر تعداد عدالت پہنچ گئی تھی۔ اس موقع پر مسرس خواجہ نظام الدین ایڈوکیٹ صدر ابتدائی مجلس سنگاریڈی‘ ایم اے عزیز الدین‘ صلاح الدین‘ یعقوب علی‘ عرفان بابا‘ شاہد علی‘ غوث‘ فاضل عرفان‘ اصغر‘ محمد ریاض الدین صدر ابتدائی مجلس سداسیو پیٹ‘ محمد شفیع‘ محمد واجد‘ رفیع قریشی‘ لطیف‘ عظیم کامل‘ خواجہ قریشی‘ محمد وسیم اکرم اور دوسرے موجود تھے۔ اس کیس کی پیروی خواجہ نظام الدین‘ سید علیم الدین‘ محبوب علی اور محمد عمران ایڈوکیٹس کررہے ہیں۔